لاہور(نیوزڈیسک) لاہور میں جن نکالنے کے نام پر جعلی پیر لڑکی کی جان کے درپے ہوگیا۔ لڑکی پر ڈنڈے برسائے ، بال کھینچے ، حالت غیر ہونے پر جعلی پیر فرار ہوگیا ، لڑکی کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ جعلی پیر انسانی زندگی سے کھیلنے لگے ، پنجاب حکومت خاموش ؟ پولیس نے آنکھیں بند کرلیں۔ لاہور کے قریب سگیاں میں جعلی پیر نے جن نکالنے کے نام پر لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ لڑکی کی بہن رشتہ نہ ہونے پر اسے دم کرانے لائی تھی۔ جعلی پیر نے جن کا سایہ بتایا اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر لڑکی پر ڈنڈے برسائے۔ لڑکی کی چیخ و پکار اور منت سماجت بھی کام نہ آئی اور زمین پر ناک رگڑوا کر اس کی جان بخشی کی گئی۔ لڑکی کی حالت غیر ہونے پر جعلی پیر فرار ہوگیا جبکہ لڑکی کو قریبی ہسپتال داخل کرانا پڑا۔ پنجاب میں جعلی پیروں کے تشدد کے واقعات نئی بات نہیں۔ کئی بار کریک ڈاؤن کے دعوے کیے گئے لیکن کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی۔ جعلی پیر بدستور انسانی زندگیوں سے کھیلنے میں مصروف ہیں۔