لاہور(نیوزڈیسک)بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے پاکستانی پلیئرز پر شدید تنقید کی ہے، پاکستانی کھلاڑی اتنی اچھی ٹریننگ نہیں کرتے جتنی دنیا بھر کے کھلاڑی کرتے ہیں۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل اپنے ٹیلنٹ کا بہتر استعمال نہیں کر رہے۔بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستانی کھلاڑی اتنی اچھی ٹریننگ نہیں کرتے جتنی دنیا بھر کے کھلاڑی کرتے ہیں۔ دباؤ میں بالکل ناکام ہوجاتے ہیں۔ کیمپس اور ٹریننگ میں سو فیصد محنت نہیں کی جاتی۔گرانٹ فلاور نے کہا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد اپنے ٹیلنٹ کا بہتر استعمال نہیں کر پا رہے۔ دونوں کو اچھی بیٹنگ کے لیے کرکٹ پر سو فیصد فوکس کرنا ہوگا۔ باؤنسر لگنے سے احمد شہزاد کا اعتماد خراب ہوا جو انہیں جلد از جلد دوبارہ بحال کرنا ہوگا۔بیٹنگ کوچ کا کہنا تھا کہ اظہر علی نے اچھے رویے اور محنت سے خود کو لیگ اسپنر سے اچھا بیٹسمین بنالیا۔ اسد شفیق ون ڈے کا بہترین کھلاڑی ثابت ہوسکتا ہے۔ وہ تکنیک کے اعتبار سے ہمارا سب سے اچھا کھلاڑی ہے مگر اسے خود اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔سرفراز احمد کے حوالے سے گرانٹ فلاور کا کہنا تھا کہ وہ ہمارا بہترین کھلاڑی ہے مگر اسے اوپر نمبر پر بھیجنا میرے ڈومین میں نہیں اور نہ ہی بیٹنگ آرڈر پر مجھ سے کوئی رائے لی جاتی ہے۔ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کنٹریکٹ دو ماہ بعد ختم ہوجائے گا۔ ۔