کراچی(نیوزڈیسک) زرداری ہاؤس کراچی کے ترجمان نے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کی مرکزی رہنما ایم این اے فریال تالپور نے صوبائی وزیر داخلہ کے ہمراہ ڈاکٹر عاصم حسین سے ملاقات کی ہے۔ ترجمان نے اس خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فریال تالپور نے جناح اسپتال میں ڈاکٹر عاصم حسین سے کوئی ملاقات نہیں کی وہ گزشتہ روز اسلام آباد سے واپس آنے کے بعد اپنے چیک اپ کے سلسلے میں جناح اسپتال ضرور گئی تھیں جہاں انہوں نے ڈاکٹر سے اپنا چیک اب کروایا اور ایم آر آئی کروایا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت پارٹی کی خاتون رہنما کے خلاف مذموم پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ میڈیا کو بھی چاہئے کہ وہ پارٹی کی خاتون رہنما کے خلاف جھوٹی بے بنیاد اور حقیقت سے عاری خبریں شائع کرنے سے گریز کرے اور بغیر تصدیق کے خبریں شائع نہ کرے۔