اسلام آباد (نیو زڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے شاہ محمود قریشی سے فون پر رابطہ کیا اور تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا ۔نجی ٹی و ی کے مطابق اسحاق ڈار کی جانب سے عدالتی کمیشن کے قیام کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھنے کی یقین دہانی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے شاہ محمودقریشی کو فون کر کے حکومتی فیصلے پر اعتماد میں لیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ خورشید شاہ نے شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ حکومت تحقیقاتی کمیشن کے لئے چیف جسٹس کو خط لکھنے کو تیار ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے خورشید شاہ پر واضح کر دیا کہ پی ٹی آئی پہلے خط کا متن دیکھے گی جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں مختلف وکلاء سے رابطے کر رہی ہیں تاہم حکومت کی جانب سے خط لکھے جانے کے بعد اپوزیشن جماعتیں خط کے متن کا جائزہ لیں گی ۔