کراچی(نیو زڈیسک)عوام کے محافظ ہی عوام کے دشمن ہوگئے ،شہر قائد میں عوام کے رکھوالوں نے حوا کی بیٹی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنا دیا۔ قیوم آباد سی ویو روڈ پر 2 پولیس اہلکاروں کی خاتون کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی، کورنگی صنعتی ایریا کے اہلکاروں کے گرفتار کر کے خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح کراچی میں قیوم آباد سی ویو روڈ پر اسنیپ چیکنگ پر معمول 2 پولیس اہلکاروں نے رکشہ روک کر رکشہ میں سوار خاتون مسکان کے سامان کی تلاشی لی اور بعد ازاں اس کو رکشے سے اتار کر لے گئے اور کورنگی ندی میں مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد دوسرے رکشے میں سوار کرکے بھیج دیا۔ جس کے بعد خاتون مسکان اپنے بھائی کے ساتھ قیوم آباد پولیس چوکی پر پہنچی تو دونوں اہلکار یاسین اور رمضان موجود تھے۔ دونوں اہلکاروں کو دیکھ کر خاتون اپنے حواس کھو بیٹھی اور انہیں جوتوں اور ڈنڈوں سے مارنا شروع کردیا دوسرے پیٹی بند بھائی اہلکاروں کو بچاتے رہے لیکن متاثرہ خاتون اور اس کے بھائی کے شور شرابے پر دونوں اہلکاروں کو حراست میں لے کر کورنگی صنعتی ایریا تھانے منتقل کردیا گیا اور خاتون کی مدعیت میں واقعے کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔