اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلزپارٹی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی طرف سے آرمی کے 11 افسران کی کرپشن کے خلاف اقد ام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف نے ثابت کر دیا ہے کہ کوئی مقدس گائے نہیں اور حکومت کو بھی اسی طرح احتساب کرتے ہوئے اداروں سے کالی بھیڑوں کو باہر نکال پھینکا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ آرمی چیف کی طرف سے یہ بہت بڑا اقدام ہے انہوں نے جو کہا وہ کر کے دکھا دیا ہے انہوں نے ثابت کیا ہے کہ کوئی بھی مقدس گائے نہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا قدم نہیں اٹھایا گیا جس میں 11 افسران کو کرپشن کی وجہ سے برطرف کیا گیا ہو۔ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ملک کو لوٹنے والوں کو پکڑنے سے جمہوریت کو کیسے خطرہ ہو سکتا ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہر ادارے میں احتساب ہونا چاہئے۔ آرمی چیف کا یہ اچھا اقدام ہے فوج ایک منظم ادارہ ہے اور حکوم کو بھی چاہئے کہ اس طرح احتساب کرے۔