اسلام آباد (نیوز ڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دوسری شادیاں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوتیں اور ایک ایسا شخص جس کی عمر 63 برس ہو اس کے لئے تو قطعی نہیں ہو سکتی، لیکن کنوارہ رہنے سے شادی شدہ ہونا ہر صورت بہتر ہے۔انٹرویومیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے جب ریحام خان کی علیحدگی کے حوالے سے سوال کیا گیاتو عمران خان کا کہنا تھا کہ دوسری شادیاں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوتی اور ایک ایسا شخص جس کی عمر 63 برس ہو اس کے لئے تو قطعی نہیں ہو سکتی، لیکن کنوارہ رہنے سے شادی شدہ ہونا ہر صورت بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کرکٹ کے ذریعے ہی پیسہ کما سکتا تھا لیکن جب زندگی میں آپ کا کوئی مقصد ہو تو اس کے حصول کے لئے جتنے زیادہ چیلنجز ہوں گے آپ کی زندگی اتنی ہی زیادہ دلچسپ ہو گی۔برطانیہ میں میئر کے انتخاب کی دوڑ میں شامل اپنے سابق برادر نسبتی زیک گولڈ اسمتھ کی الیکشن مہم کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ میں لندن کی سیاست اور میئر شپ کے انتخابات سے مکمل طور پر دور ہوں، زیک گولڈ اسمتھ کے اسلام فوبیا ہونے سے متعلق عمران خان نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ وہ سیاسی طاقت پانے کے لئے اشتعال انگیز بیانات استعمال کریں گے، میں زیک کو گزشتہ 22 سال سے جانتا ہوں اور وہ بہت ہی انصاف پسند شخص ہیں۔