کراچی(نیوزڈیسک) پاک سر زمین پارٹی کے 24 اپریل کے جلسے کی تیاریاں جس تیزی سے جاری ہیں اسی تیزی سے رہنماوں کی پھرتیاں بھی بڑھ گئی ہیں۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ24 اپریل کو ہونے والا جلسہ کسی کے خلاف نہیں ہے بلکہ پاکستان کو جوڑنے کی ایک کوشش ہے۔کراچی کی سیاست میں ہلچل مچانے والے پاک سر زمین پارٹی کا پہلا جلسہ چند روز کی دوری پر ہے ۔ پاک سر زمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ باغ جناح میں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار معصوم آدمی ہے ان کے بارے میں کچھ نہیں کہیں گے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ندیم نصرت ننھے منھے ہیں جنہیں کسی بات کا علم نہیں انہیں تو گرائپ واٹر کے اشتہار میں آنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کے کل اخراجات کا تخمینہ 15 سے 20 کڑور روپے ہے ۔انہوں نے مخیر حضرات سے جلسے کے حوالے سے مالی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ 24 اپریل کو جلسے سے ایک روز قبل باغ جناح میں جشن پاکستان فیملی فیسٹیول منایا جائے گا ۔ جلسے کی تیاری شروع کر دی ہے اب 24 اپریل تک یہی پڑاؤ ہو گا۔