لاہور (نیوزڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک اثاثے قائم کرنے کے الزام میں 64بڑے سیاستدانوں کو طلب کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان کو معاونت کے لیے 25اپریل کو طلب کرلیا۔گزشتہ روز ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی درخواست پر سماعت کی جس میں سیاست دانوں کے غیر ملکی اثاثوں کو چیلنج کیا گیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ نواز شریف،آصف علی زرداری،جنرل مشرف ،شجاعت حسین سمیت دیگر 64 سیاست دانوں نے بیرون ملک اثاثے قائم کئے ان اثاثوں کو واپس پاکستان لایا جائے اس ملکی ملکی معیشت کو استحکام ملے گا۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ بیرون ملک اثاثے قائم کرنے والے سیاست دانوں کو عدالت میں طلب کیا جائے۔ہائی کورٹ نے وکیل کی استدعا مسترد کر دی اور اٹارنی جنرل پاکستان کو 25اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دیئے۔