اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیردفاع خواجہ آصف نے بھی آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان کی حمایت کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے بڑا بیان دیا ہے۔ حکومت بھی اسی مقصد کیلئے کام کر رہی ہے۔ پاکستان کے ہر ادارے میں کرپشن ہےخاتمہ ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے آرمی چیف کے کرپشن کے خلاف بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے ہر صورت بامعنی کوششیں ہونی چاہئیں۔ احتساب کیلئے ایسا ادارہ ہونا چاہئے جس پر سب کا اعتماد ہو۔ کرپشن کے خاتمے تک دہشت گردی پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ خواجہ آصف کے بقول کرپشن سےمتعلق جھوٹے،سچےالزامات ہرقسم کے الزامات لگتے رہتے ہیں، کرپشن ختم کرنے کے لیےسپریم کورٹ کاچیف جسٹس اگربات کرتاہےتواس پراعتراض نہیں ہوتا اگر چیف آف آرمی اسٹاف بات کررہےہیں تواس پربھی کسی کواعتراض نہیں ہونا چاہیے ۔ پاکستان میں بھارتی مداخلت سے متعلق انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی سطح پر پاکستان میں دہشت گردی کر رہا ہے ہمارے پاس پہلے بھی پاکستان میں بھارتی مداخلت کے شواہد تھے لیکن پہلی مرتبہ ایسے شواہد ہاتھ آئے ہیں جو غیرمتنازع ہیں۔