لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں ،ایونٹ کی ممکنہ تاریخوں میں گراؤنڈ کی بکنگ کے لیے متحدہ عرب امارت کرکٹ بورڈ سے بات چیت بھی مکمل کرلی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل گورننگ کونسل کے چیئر مین نجم سیٹھی ، مارکیٹنگ ڈائریکٹر نائلہ بھٹی اور ڈائریکٹر کرکٹ عثمان واہلہ نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کیاجہاں انہوں نے مقامی حکام سے ملاقات میں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے لیے گراؤنڈبک کرانے کے لیے تبادلہ خیا ل کیا۔میڈیا سے گفتگو میں نجم سیٹھی نے ان ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا مقصد پاکستان سپر لیگ کے فروری 2017ء کی ممکنہ تاریخوں میں شیڈول دوسرے ایڈیشن کے لیے گراؤنڈز کی بکنگ کے حوالے سے بات چیت کرنا تھا ، اس ضمن میں دونوں کرکٹ بورڈ کے مابین معاہدے کے لیے جلد ہی خطوط لکھے جائیں گے تاہم زبانی طور پر یہ معاہدہ طے پاچکا ہے۔نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن مالی اور شائقین کرکٹ کی حاضری کے لحاظ سے انتہائی شاندار رہا تھا اور ہمیں امید ہے دوسرا ایڈیشن پہلے سے زیادہ کامیاب ثابت ہوگا ، ہم پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے اس سال مزید بہترپاکستان سپر لیگ کروانے کی کوشش کریں گے۔