اسلام آباد (نیوزڈیسک) سپریم کورٹ نے ملک سے سودی نظام کے خاتمے کیلئے دائر آئینی پٹیشن خارج کردی ۔ منگل کوجسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اورجسٹس مشیرعالم پرمشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔اس موقع پرجسٹس ثاقب نثار نے درخواست گزار کے وکیل راجہ ارشاد کو بتایا کہ سپریم کورٹ سود کے خاتمے کا معاملہ پہلے ہی شرعی عدالت کو فیصلہ کیلئے بھجوا چکی ہے ٗ اگرآپ چاہیں تو اس کیس میں وہاں فریق بن سکتے ہیں، فاضل جج کامزید کہناتھاکہ درخواست گزار نے یہ معاملہ شرعی عدالت کوبھیجنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو چیلنج بھی نہیں کیا ہے اس صورتحال میں یہ پٹیشن قابل سماعت نہیں ہے۔راجہ ارشاد نے کہا کہ ہم نے سودی نظام کے خاتمہ کے حوالے سے ایک آئینی شق کے اطلاق کے لئے عدالت عظمی سے رجوع کیا ہے کیونکہ یہی عدالت قومی آئین کی محافظ ہے اس لئے استدعاہے کہ درخواست کوقابل سماعت قراردے کراس کی سماعت کی جائے تاہم عدالت نے ان کے دلائل سے اتفاق نہیں کیا اوردرخواست کوناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردیا۔