اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ آرمی چیف نے جو کچھ کہاہے وہ بالکل صحیح ہے آرمی چیف کااحتساب اورکرپشن کے خاتمے سے متعلق بیان درست ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ جنرل راحیل شریف ایک ادارے کے سربراہ ہیں فوج کاادارہ ملکی سالمیت کیلئے قربانی دے رہا ہے حکومت آرمی چیف کے بیان کی مکمل حمایت کرتی ہے اللہ کے فضل سے جب سے ہماری حکومت آئی کرپشن میں کمی ہوئی عالمی اداروں نے ملک میں کرپشن میں کمی کو تسلیم بھی کیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ ملک میں کرپشن ہے اور ان کیلئے بھی یہ باعث تشویش ہے کرپشن سے متعلق جھوٹے، سچے ہرقسم کے الزامات لگتے رہتے ہیں اگر کوئی قابل اعتبار ادارہ بنایا جاسکتا ہے تو ضرور بناناچاہیے ٗ ضیاء الحق اورمشرف کے احتساب سے متعلق باتیں سیاسی پیرائے میں تھیں جنرل راحیل شریف کا بیان قومی تناظر میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلی مرتبہ ایسے شواہد ہاتھ آئے ہیں جو غیرمتنازع ہیں بھارت ریاستی سطح پر پاکستان میں دہشتگردی کررہا ہے اور دہشتگردوں کو اسلحہ فراہم کررہا ہے بھارتی جاسوس کی گرفتاری حساس معاملہ ہے جاسوس کے بلوچ عسکریت پسندوں سے تعلقات تھے ہمارے پاس پہلے بھی پاکستان میں بھارتی مداخلت کے شواہد تھے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ ماضی میں جوکچھ ہوا تاریخ سامنے ہے وقت نے جوکچھ دکھایا اس سے سب کو سبق حاصل کرناچاہیے ہم صحیح سمت میں جارہے ہیں فوج دہشتگردی کے خاتمے میں اپناکردارادا کررہی ہے اگر دس سال پہلے محض سیکیورٹی کے امورپرتوجہ دی جاتی تو ہم آگے نکل گئے ہوتے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ سپریم کورٹ کاچیف جسٹس اگر بات کرتا ہے تو آپ کو اس پراعتراض نہیں چیف آف آرمی سٹاف بات کررہے ہیں تو اس پر بھی کسی کواعتراض نہیں ہوناچاہیے میڈیا والے بھی کسی وقت تھانیدار بن جاتے ہیں توہم اعتراض نہیں کرتے۔