لاہور (نیوزڈیسک) صوبائی دارلحکومت کے علاقہ غازی آباد میں قتل ہونیوالے حساس ادارے کے سابق اہلکار کے قتل کا سراغ مل گیا ، برکت علی کو اسکے اپنے بیٹے اویس نے قتل کیا اور ڈکیتی مزاحمت کا ڈرامہ رچایا ، ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق 28مار چ کو غازی آباد کے علاقے میں حساس ادارے کے سابق اہلکار برکت علی کو گھر میں ہی فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا اور ڈکیتی مزاحمت کا ڈرامہ رچایا گیا تھا ۔ غازی آباد پولیس تفتیش میں مصروف تھی کہ انہیں مقتول کے بیٹے اویس پر شک ہوا جس پر اسے تفتیش کے لئے حراست میں لیا گیا ۔ ایس ایچ اے عتیق ڈوگر کے مطابق مجرم اویس نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ہی اپنے والد کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا ۔ مجرم نے بتایا کہ والد نے پنشن کے پیسوں سے مجھے ایک دکان خرید کر دی تھی اور وہ ماہانہ 30ہزار روپے کا مطالبہ کرتے تھے اور نہ دینے کی صورت میں ڈانٹ ڈپٹ کے ساتھ تشدد بھی کیا جاتا تھا جس سے تنگ آکر میں نے والد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا ۔