لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان انضمام الحق کو قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر اور مشتاق احمد کو نیشنل اکیڈمی کے ہیڈکوچ کے عہدے پر تعینات کردیا۔چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے انضمام الحق کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہیں قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر اور مشتاق احمد کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا ہیڈ کوچ بنانے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر شہریار خان کا کہنا تھا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ انضمام الحق اب ہمارے ساتھ کام کریں گے اور وہ نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان خود کریں گے، کچھ مشہور کوچزپاکستان آنے کو تیار ہیں لیکن ہیڈ کوچ کے لئے ملکی یا غیر ملکی ہونا ضروری نہیں تاہم ہیڈ کوچ کا اعلان آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا جب کہ محمد اکرم کی جگہ مشتاق احمد نیشنل اکیڈمی کے ہیڈکوچ ہوں گے، نیشنل اکیڈمی آزادانہ طریقے سے کام کرے گی۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ پاکستان کپ کے بعد ایبٹ آباد میں بوٹ کیمپ کوچنگ سیشن کروائیں گے اور یہ کیمپ 3 ہفتے تک جاری رہے گا، کرکٹ کی بہتری کے لئے اسکول کرکٹ کو پروموٹ کرنے کے لئے بھی کام کررہے ہیں جب کہ 8 سال سے بند بائیو مکینیکل لیب بھی فعال کردی گئی ہے۔