ممبئی(نیوز ڈیسک)بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان فلمساز گوری شندے کی فلم میں پہلی بار ’’تھراپسٹ‘‘ کا کردار ادا کریں گے۔بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کا شمار فلم نگری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے فلمی کیرئیر میں متعدد کردار نبھائے لیکن ان کی شہرت ’’رومانوی ہیرو‘‘ کے طور پر ہوئی تاہم اب کنگ خان اپنی نئی فلم میں ایک نئے روپ میں نظر آئیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان فلمساز گوری شندے کی فلم میں ’’تھراپسٹ‘‘ کے کردار میں نظر آئیں گے جب کہ فلم کی کہانی عالیہ بھٹ کے گرد گھومتی ہے جس میں وہ 4 لڑکوں سے محبت کربیٹھتی ہیں اور بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان فلم میں تھراپسٹ کے روپ میں دکھائی دیں گے اور وہ عالیہ بھٹ کا علاج تھراپی کے ذریعے کریں گے۔ فلم کی شوٹنگ کا پہلا شیڈول مکمل کیا جا چکا ہے تاہم فلم کے نام اور نمائش کی تاریخوں کا جلد ہی باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ اداکار شاہ رخ خان اپنی فلم’’رئیس‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان مرکزی کردار ادا کریں گی۔