لاہور(نیوز ڈیسک) فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے کراچی سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار فلمسازی کے میدان میں کود پڑے ،تین سال کے عرصے میں ایک سو فلموں پر مشترکہ سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے بڑے سرمایہ کاروں نے کراچی میں بننے والی فلموں کی کامیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے مشترکہ طور پرتین سال میں ایک سو فلمیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اس وقت کراچی میں ایک درجن سے زائد فلمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں او رآئندہ تین سالوں کے دوران مزید ایک سو فلمیں بنائی جائیں گی ۔ نئی فلموں کے حوالے سے کراچی کے بڑے پروڈکشن ہاؤسزبھی بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ اب تک زیر تکمیل فلموں میں کراچی سے تعلق رکھنے والے اداکار ہی کام کر رہے ہیں تاہم مستقبل میں لاہور فلم انڈسٹری کے اداکار بھی نئی فلموں کی کاسٹ میں شامل ہوں گے ۔