لاہور(نیوز ڈیسک ) قبرستانوں میں جادو ٹونے کیلئے مردوں کے مختلف اعضاء کی فروخت کے مکروہ دھندے کا انکشاف ہوا ہے ۔ایک رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت دیگر علاقوں کے قبرستانوں میں سے لاشیں نکال کر انکے اعضا کو فروخت کیا جارہا ہے۔گورکن مافیا لاشوں کو نکال کرجادو ٹونا کرنے والوں کو مُردوں کے بال ،ناخن اور دیگر اعضا فروخت کرتا ہے ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ میں اس پیشے سے وابستہ درندہ صفت تاجروں سے ہونے والی بات چیت بھی دکھائی گئی ہے جس میں وہ ڈھٹائی کیساتھ خریدوفروخت کا اعتراف کر رہے ہیں ۔ویڈیو میں موجود شخص کا کہنا تھا کہ مُردوں کو قبروں سے نکالنے سے پہلے ہم اس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ کوئی ہمیں دیکھ نہ لے ۔رپورٹ میں قبرستانوں کے نام ظاہر نہیں کئے گئے تاکہ جن کے پیارے وہاں دفن ہیں انہیں جذباتی اذیت نہ پہنچے۔البتہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ مکروہ دھندہ تقریباًہر دوسرے قبرستان میں ہو رہا ہے۔