لاہور( نیوز ڈیسک )تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے پانامہ لیکس کے معاملے پر موقف سے آگاہ کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے بھی ملاقات کی خواہش کا اظہار کر دیا ،شاہ محمود قریشی نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما افرا سیاب خٹک سے بھی رابطہ کر کے حکومت کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی دعوت دیدی ۔ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز سپریم کورٹ ایسوسی ایشن کے صدر سید علی ظفر کی قیادت میں بار عہدیداروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات ہو سکتی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی کو پاناما لیکس کے معاملے پر تحریک انصاف کے موقف سے آگاہ کرنا چاہوں گا۔ بطور پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کے سربراہ سب جماعتوں کو اپنے موقف سے آگاہ کرنا ذمہ داری ہے۔ خواہش ہے کہ بلاول بھٹو زرداری سے جلد ملاقات ہو جائے۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما افرا سیاب خٹک سے بھی رابطہ ہواہے اور پاناما لیکس پر حکومت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی دعوت دی ہے۔ اے این پی نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کمیٹی اراکین کے ناموں کو متوقع طور پر آج اتوار کو حتمی شکل دے گی ۔ اے این پی کی 5 رکنی کمیٹی کل پیر یا منگل کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کر یگی ۔