لاہور( نیوز ڈیسک)پاناما لیکس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی اہلیہ تہمینہ درانی کے بیانات نے ہلچل مچادی اور اسے میڈیا میں بھرپور کوریج دی گئی اور ایک سینئر صحافی نے دعویٰ کیاکہ تہمینہ درانی نے شریف فیملی کیخلاف بیانات وزیراعلیٰ پنجاب کے کہنے پر دیئے لیکن اب تہمینہ درانی نے اس ضمن میں وضاحت دیدی اور کہاکہ احتساب سے متعلق نظریات واضح اور متواتر ہیں ، ڈاکٹر شاہد کوکچھ کہنے سے قبل ریکارڈ دیکھ لیناچاہیے تھا۔مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ’ٹوئٹر ‘پر اپنے ٹوئیٹس میں تہمینہ درانی کاکہناتھاکہ ’ڈاکٹرشاہدکو یہ اعلان کرنے سے پہلے آرکائیودیکھ لینی چاہیے تھی کہ میرے خاوند نے ہی مجھے یہ رائے دی جن کی بڑے بھائی سے وفاداری پراب سے کوئی سوال نہیں اٹھاناچاہیے ‘۔اُنہوں نے کہاکہ میں ماضی میں بھی ایسی باتیں کرتی رہی ہوں ، پاناما لیکس سے قبل بھی وی آئی پی کلچر کیخلاف تھی ،احتساب سے متعلق میرے نظریات متواترہیں۔ایک اورٹوئیٹ میں اُنہوں نے کہاکہ اگر قانون کے مطابق سرکاری ملازمین یا حکمرانوں کیلئے طبی علاج پاکستان میں ہی کرانا لازم ہوتو حکومتیں ہسپتالوں میں خدمات اوران کی ترقی کو ترجیح دیں گی ۔