نیویارک (نیوزڈیسک)امریکی گلوکار برائن ایڈمز نے امریکی ریاست مسیسیپی میں مذہبی آزادی کے متنازع قوانین کی وجہ سے وہاں اپنا کنسرٹ منسوخ کر دیا ہے۔گذشتہ ہفتے پاس کیے جانے والے اس قانون کے مطابق کچھ نجی تجارتی ادارے اور مذہبی گروہ ہم جنس پرستوں کو سروس دینے سے انکار کر سکتے ہیں۔برائن ایڈمز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ضمیر انھیں ریاست میں پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔انھوں نے کہا کہ یہ ان کی سمجھ سے باہر ہے کہ ایل جی بی ٹی شہریوں کے ساتھ متعصبانہ سلوک کیا جا رہا ہے۔انھوں نے جمعرات کو بلوکسی کے مسیسیپی کوسٹ کولیسیئم میں پرفارم کرنا تھا۔مسیسیپی کے گورنر فل برائنٹ نے پانچ اپریل کو اس متنازع قانون پر دستخط کیے تھے۔یہ قانون ان عیسائیوں کو تحفظ دیتا ہے جو شادی اور صنف کے روایتی کرداروں پر یقین رکھتے ہیں۔نیا قانون پہلی جولائی سے لاگو کیا جائے گا۔ایڈمز سے پہلے بروس سپرنگسٹین نے بھی شمالی کیرولائنا میں بھی اسی قسم کے ایک نئے قانون کی وجہ سے پرفارم کرنے سے انکار کیا تھا۔