بغداد(نیوزڈیسک) عراق کی سیکیورٹی فورسز نے شمالی شہر الرمادی کے قریب دریائے فرات کے مغربی کنارے پر واقع تاریخی شہر ھیت میں تازہ آپریشن کے دوران شدت پسند تنظیم دولت اسلامی داعش‘ کو نکال باہر کیا ہے اور شہر کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد بلند عمارتوں پر عراق کے قومی پرچم لہرا دیے ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عراق کی جوائنٹ آپریشنز اسپیشل کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی فورس اور بریگیڈ 16 کے اہلکاروں نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ھیت شہر سے داعشی دہشت گردوں کو نکال باہر کیا ہے۔ لڑائی میں داعش کو غیرمعمولی جانی اور مالی نقصان کا بھی سامناکرنا پڑا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی فورس کے بریگیڈ 73 کی یونٹ 16 کے فوجیوں نے ھیت شہر میں داعش کے خلاف آپریشن میں حصہ لیا اور دہشت گردوں کو وہاں سے نکال باہر کرنے کے بعد عمارتوں پر عراق کا قومی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج اور دیگرسیکیورٹی ادارے بھاگتے دہشت گردوں کا تعاقب کررہے ہیں اور فورسز تیزی کے ساتھ شہر کے آس پاس کے علاقوں سے بھی دہشت گردوں کا صفایا کررہی ہے۔ فوج کی جانب سے عام شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خود کو داعش سے دور رکھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ لڑائی کے دوران نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو ’کبیسہ‘ کے مقام پر پناہ گزین کیمپ میں منتقل کیا گیا ہے۔