صوابی (نیوز ڈیسک) پاکستان کے نامور لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کہا ہے وہ مکمل فٹ ہونے کے بعد 14 جولائی سے شیڈول انگلینڈ دورے کیلئے پاکستان ٹیم میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں۔صوابی سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ یاسر نے گزشتہ سال صرف 12 ٹیسٹ میچوں میں 76 وکٹیں حاصل کر کے عالمی کرکٹ میں ہلچل مچا دی تھی۔گزشتہ سال ستمبر-اکتوبر یو اے ای میں انگلینڈ کے خلاف 0-2 سے ٹیسٹ سیریز جیتنے میں یاسر کی بہترین باو¿لنگ نے بھی اپنا حصہ ڈالا تھا۔گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں باقاعدگی سے پریکٹس کے دوران یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے تیار ہیں۔’میں عوام اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش پر ملک کیلئے دوبارہ کھیلنے کو تیار ہوں‘۔خیال رہے کہ عالمی انسداد ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) نے ممنوعہ دوائی استعمال کرنے پر گزشتہ سال 27 دسمبر کو یاسر کو عبوری طور پر معطل کر دیا تھا۔بعد ازاں، یاسر نے غلطی سے دوائی استعمال کرنے کے اعتراف کیا، جس پر پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں سزا کے خلاف اپیل کی۔اب27 مارچ کو پابندی ختم ہونے کے بعد یاسر دوبارہ ٹیم میں واپسی کیلئے پرامید ہیں۔