کراچی(نیوز ڈیسک ) محسن حسن خان کو چیف سلیکٹر مقرر کرنے پر اتفاق ہو گیا، کوچنگ سنبھالنے کیلیے عاقب جاوید فیورٹ ہیں جب کہ وقار یونس کو 3 ماہ کی تنخواہ دے کر فارغ کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات سے قبل ہی کرکٹ بورڈ حکام نے بعض بڑے فیصلوں کیلیے ذہن بنا لیا تھا تاہم ان کا اعلان اب کیا جائے گا، ذرائع نے بتایا کہ جمعے کو چیئرمین شہریارخان لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کوچ، کپتان اور سلیکشن کمیٹی کی چھٹی کا اعلان کریں گے۔
نئے چیف سلیکٹر کیلیے سابق ٹیسٹ بیٹسمین محسن حسن خان کی تقرری پر اتفاق ہو گیا، وہ ماضی میں بھی اس حیثیت سے کام کرچکے ہیں، نئی ذمہ داری کے حوالے سے ان کی شہریارخان سے بات چیت ہو چکی، وقار یونس کو قبل از وقت فارغ کرتے ہوئے 3 ماہ کی ایڈوانس تنخواہ دی جائے گی، یہ رقم مجموعی طور پر تقریباً50 لاکھ روپے بنتی ہے، نئے کوچ کیلیے سابق ٹیسٹ پیسر عاقب جاوید فیورٹ ہیں۔
وہ ان دنوں یو اے ای کی ٹیم کے ساتھ منسلک مگر اس کی کارکردگی میں نکھار نہیں لا سکے، ماضی میں وہ پاکستان کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں، چیف کوچ بننے کا پہلا موقع ہو گا۔ شاہد آفریدی کی جگہ ٹوئنٹی 20میں قیادت کے فرائض سرفراز احمد انجام دیں گے۔
آل راؤنڈر کو بطور کھلاڑی منتخب کرنے کا فیصلہ نئی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ منیجر انتخاب عالم اپنا عہدہ بچانے میں کامیاب رہیں گے،ان کے بارے میں تحقیقاتی کمیٹی کا خیال ہے کہ ٹورز میں ڈسپلن کا کوئی مسئلہ نہیں ہوا لہٰذا فارغ کرنا درست نہ ہوگا، وہ انتظامی امور بااحسن انداز میں سنبھالے ہوئے ہیں۔
محسن حسن خان کو چیف سلیکٹر مقرر کرنے پر اتفاق
1
اپریل 2016
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں