لاہور (نیوز ڈیسک) پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس نے افغان کرکٹ بورڈ کو خود پاکستان آنے سے منع کیا ہے اور انہیں مناسب وقت پر دورے کی دعوت دی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ پی سی بی نے افغان کرکٹ بورڈ کو فی الحال دورہ پاکستان سے خود منع کیا ہے اور افغان کرکٹ ٹیم کو مناسب وقت پر دورے کی دعوت دی جائے گی۔دوسری جانب افغان کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی کا عذرپیش کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرنے سے صاف انکار کردیا ہے اور افغان کرکٹ بورڈ کے آفیشل نے میڈیا سے بات چیت میں تصدیق کی ہے کہ بورڈ سیکیورٹی کی وجہ سے پاکستان کا دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کرچکا ہے اوراس حوالے سے باقاعدہ اعلان جلد کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ شیڈول پروگرام کے تحت افغان ٹیم کو پاکستان کے دورے میں 2 چار روزہ میچز اور 3 ون ڈے کھیلنا تھے مگر بعد میں اس دورے کو صرف 3 ایک روزہ میچز تک محدود کردیا گیا جو اپریل میں منعقد ہونا تھے۔