ممبئی (نیوز ڈیسک)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان آئن مورگن نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کےخلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے ,کوشش ہے ٹیم فائنل جیت کر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا شاندار طریقے سے اختتام کرے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم نے سیمی فائنل میں کامیابی کے لئے خوب پریکٹس کی تھی اور کھلاڑیوں نے میچ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کا نتیجہ جیت کی صورت میں ملا۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ورلڈ کلاس ٹیم تھی اور ورلڈ کپ میں سیمی فائنل سے قبل ناقابل شکست تھی اس کے خلاف کامیابی آسان نہیں تھی تاہم کھلاڑیوں نے بلے اور گیند کے ساتھ عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر کے شاندار فتح حاصل کی، مجھے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر فخر ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، کوشش ہو گی کہ ٹیم فائنل بھی جیت کر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا شاندار طریقے سے اختتام کرے ۔