لاہور ( نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ میٹنگز میں مصروفیات کی وجہ سے وقار یونس سے ملاقات نہیں ہو سکی ، آج جمعرات کو ان سے ملاقات ہو گی ، وقار کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ لیک نہیں ہوئی اگر ایسا ہوا ہے تو انکوائری کرائی جائے گی۔ وقار یونس کی پریس کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہر یار خان نے کہا کہ ٹی وی پر وقار یونس کی باتیں سنی ہیں ۔ وقار یونس سے کمیٹی کے اجلاس سے پہلے ہی مل چکا ہوں۔ غیر جانبدار رہنے کی وجہ سے وقار یونس سے نہیں ملا۔ لیکن گزشتہ روز جب وقار کا فون آیا تو اس وقت اہم اجلاس میں بیٹھا ہوا تھے اس کے فوری بعد ایک اور میٹنگ تھی ۔ وقار یونس نے خود کہا کہ فون پر بات کرنا چاہتے ہیں ۔ وقار یونس سے آج جمعرات کو ملاقات ہو گی ۔ انہوں نے رپورٹ لیک ہونے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پورٹ لیک نہیں ہو ئی۔اگر ہوئی ہے توتحقیقات ہوں گی۔وقار سے کہا کہ رپورٹ لیک ہونے پر تحقیقاتی کمیٹی بنا دیتے ہیں،ہیڈ کوچ کو پریشانی ختم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔شہریارخان نے مزید کہا کہ وقار یونس کی میڈیا سے باتوں کا جواب نہیں دینا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ ابھی انکوائری کمیٹی کی سفارشات کا انتظار ہے اس کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔