لاہور(نیوز ڈیسک) سابق کرکٹرز سکندر بخت، محمد یوسف اور رمیز راجہ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کا اگلا کپتان سرفراز احمد کو بنایا جانا چاہیے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میزبان کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ اگلا کپتان اور کوچ کون ہونا چاہیے تو سکندر بخت کا کہنا تھا کہ ون ڈے اور ٹی 20 کیلئے سرفرازاحمد کو کپتان ہونا چاہیے کیونکہ ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی میں وہ بات نہیں جو کپتانی کیلئے ضروری ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کے حوالے سے انگلینڈ کے دورہ کے بعد بات کریں گے ۔ سکندر بخت نے کوچ کے بارے میں کوئی رائے ظاہر نہیں کی ۔اسی سوال کے جواب میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل تو کپتانی اور ٹی 20 کی دوڑ سے ہی باہر ہوگئے ہیں کیونکہ باقی کھلاڑی اوپر جارہے ہیں اور یہ دونوں نیچے جارہے ہیں قومی ٹیم کا اگلا کپتان سرفراز احمد کو بنایا جانا چاہیے۔ کوچ کے حوالے سے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو بغیر کوچ کے کھلایا جائے اور کپتان کو ہی بااختیار بنایا جائے کیونکہ فی الحال ہمیں کوچ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ محمد یوسف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کا کپتان سرفراز احمد کو ہونا چاہیے کیونکہ وہ ایک خطرناک کھلاڑی ہے اور اس کے بلے سے رنز رکتے نہیں ہیں، کپتان ایسے بندے کو ہونا چاہیے جو مخالف ٹیم کو اپنی ذاتی پرفارمنس اور کپتانی سے پریشان کیے رکھے۔ کوچ کے حوالے سے محمد یوسف کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا کوچ کوئی غیر ملکی ہونا چاہیے اور ملکی کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کی طرف بھیجا جائے تاکہ بہتر ٹیلنٹ آگے آسکے۔