کراچی (نیو زڈیسک)پاکستانی فلم انڈسٹری میں ایک عرصہ تک راج رکنے والی مشہور اداکارہ بابرہ شریف نے فلم میں کام کرنے کیلئے ایک کروڑ معاوضہ مانگ لیا ہے۔ فلم انڈسٹری کے سنہرے دور کی لیجنڈ اداکارہ بابرہ شریف نے پاکستانی فلم میں کام کرنے کا معاوضہ ایک کروڑ روپے طلب کر لیا ہے۔ ٹی وی کی معروف اداکارہ ثانیہ سعید کے شوہر شاہد شفاعت اپنے فلمی کیریئر کی بطور ہدایتکار پہلی زیر تکمیل فلم ‘‘ٹو پلس ٹو ’’ کی ہدایات دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ فلم ساز نے اداکار بلال اشرف کی والدہ کے کردار کے لئے بابرہ شریف کو آفر دی تھی۔ مذکورہ فلم کی عکسبندی گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے۔ اس وقت بابرہ شریف نے وقت مانگا تھا لیکن اب جب ان کے مناظر فلمانے کا وقت آیا تو انہوں نے پرڈیوسر سے فلم میں کام کرنے کا معاوضہ ایک کروڑ مانگ لیا ہے۔ فلم میں راک سٹار علی عظمت کے علاوہ سینئر اداکار مصطفی قریشی، بلال اشرف اور دیگر بھی کام کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے ہدایتکار شاہد شفاعت کا کہنا تھا کہ اس کا جواب پرڈیوسر ہی دے سکتا ہے جبکہ علی عظمت نے بتایا کہ وہ لیجنڈ اداکارہ ہیں۔ پرڈیوسر نے ان کی جگہ کسی اور آرٹسٹ کو لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کردار کے لئے کئی فنکاراؤں سے رابطے جاری ہیں۔دوسری جانب فلمی حلقوں نے بابرہ شریف کے معاوضہ مانگنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ری وائیول ہوتی ہوئی فلم انڈسٹری کو استحکام دینے کی ضرورت ہے۔ انڈسٹری سے ایک عرصہ تک نام اور دولت کمانے والے گھر بیٹھے فنکاروں کو مثبت سوچ رکھنی چاہیے۔ بھارتی فلم انڈسٹری کی کامیابی کا راز یہی ہے کہ سینئر ترین فنکار کو بھی آفر آتی ہے تو وہ کام کو ترجیح دیتا ہے جس پر پرڈیوسر کروڑوں روپے اپنی خوشی سے دے دیتے ہیں۔ اس وقت ہماری فلم انڈسٹری کے سینئر فنکاروں کو سوچنا چاہیے کہ ٹی وی فنکاروں نے اس کو نیا جنم دیا ہے۔