نئی دلی(نیوز ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ ون کے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ ون کے میچ میں انگلینڈ کے 172 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا کا آغاز انتہائی خراب رہا اور ابتدائی 4 بیٹسمین 15 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد کپتان اینجلو میتھیوز اور کپوگیدرا نے پانچویں وکٹ کیلیے 80 رنز کی شراکت داری قائم کی، گپوگیدرا 30 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، پریرا 11 گیندوں پر 20 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے جب کہ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلے نے 2 ، کرس جورڈ، لیام پلنکٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر انگلش ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جیسن روئے اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا، ہیلز دوسرے ہی اوور میں ہیراتھ کے گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تاہم جیسن روئے نے جوئے روٹ کے ہمراہ ملکر 61 رنز کی شراکت داری قائم کی، روٹ 25 اور جیسن 42 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان مورگن اور جوز بٹلر نے چوتھی وکٹ کیلئے 74 رنز کی شراکت قائم کی، مورگن 22 رنز پر رن آؤٹ ہوئے جب کہ جوز بٹلر نے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔سری لنکا کی جانب سے جیفری ونڈیرسے نے 2 اور ہیراتھ نے ایک وکٹ حاصل کی۔