لاہور(نیوز ڈیسک) ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی بدترین شکست پر کرکٹ بورڈ بھی جاگ اْٹھا۔ٹیم کی ناکامی کی وجوہات جاننے کیلئے مینیجر اور کوچ سے رپورٹ طلب کر لی۔کرکٹ ٹیم ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے چار میں سے تین مقابلوں میں ہارنے کے بعد ایونٹ سے باہر ہوئی تو کرکٹ کے حلقوں میں ہلچل مچ گئی۔سخت عوامی ردعمل دیکھتے ہوئے پی سی بی بھی ایکشن میں آگیا اور بورڈ حکام نے کوچ اور مینیجر سے رپورٹ طلب کرلی۔کرکٹ بورڈ نے کوچ وقار یونس اور مینجر انتخاب عالم کو منگل تک تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ بورڈ حکام نے بھارت میں کھلاڑیوں کے رویے اور کارکردگی کی تفصیلات طلب کی ہیں۔مینیجر اور کوچ کی رپورٹ انکوائری کمیٹی کو بھیجی جائے گی، جو قصور واروں کا تعین کرکے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔حقائق جاننے کیلئے شاہد آفریدی کا تفصیلی انٹرویو بھی کیا جائے گا۔