لاہور(نیوز ڈیسک)سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کے حالات بہت پہلے سے معلوم تھے ،ٹیم کے انڈیا جانے کا فیصلہ بین الاقوامی دباؤ میں کیا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکاء4 اشرف کا کہنا تھا کہ پی سی بی میں مینجمنٹ کا فقدان ہے ،قومی ٹیم کے بھارت جانے کا اعلان نجم سیٹھی کی بجائے شہریار خان کو کرنا چاہیے تھا۔ بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد بھارت میں انتہا پسندی کو فروع ملا ہے اس لیے بھارت میں صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دیگر ٹیموں کے لیے بھی سکیورٹی خدشات موجود ہیں اور کچھ عرصہ قبل انتہا پسند بھارتیوں نے جنوبی افریقی ٹیم پر بھی حملہ کیاتھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی کو چاہیے کہ تمام معاملات کو آئی سی سی کے سامنے اٹھائے کہ ہم اتنے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں کھیلنے جا رہے ہیں تو پاکستان اس سے کہیں زیادہ پر امن ہے اس لیے وہاں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کو بحال کیا جائے۔