نئی دلی (نیوز ڈیسک) ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاک، بھارت میچ کیلئے سیکیورٹی دینے سے کبھی انکار نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک بھارت میچ کی سیکیورٹی دینے سے کبھی انکار نہیں کیا، بی جے پی رہنماءاور انوراگ ٹھاکر نے معاملے کو سیاسی بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی قسم کا انکار نہیں کیا بلکہ آئی سی سی نے میچ کولکتہ منتقل کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ نے اس سے قبل پاکستان کو سیکیورٹی نہ دینے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں وہ اپنے بیان میں مکر گئے تھے اور کہا تھا کہ وہ سیکیورٹی دیں گے تاہم اگر اس میچ کے خلاف سابق فوجیوں نے احتجاج کیا تو ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی اور نہ ہی انہیں روکنے کیلئے کچھ کیا جائے گا۔ قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر ایک بار پھر ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ کے بیان پر برس پڑے اور ان کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ ہماچل پردیش کے بیان پر کانگریس کو جواب دینا چاہئے کیونکہ ان کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے پاکستان کو سیکیورٹی پر سوالات اٹھانے کا موقع ملا ہے۔