دبئی(نیوز ڈیسک) بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر تسکین احمد اور آف اسپنر عرفات سنی کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے 2 بولروں کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیا ہے جس میں فاسٹ بولر تسکین احمد اور آف اسپنر عرفات سنی شامل ہیں۔ دونوں بولروں کا بولنگ ایکشن گزشتہ روزدھرم شالہ میں ہونے والے بنگلا دیش اور نیدر لینڈ کے درمیان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سائیڈ میچ کے دوران فلیڈ امپائر کی جانب سے رپورٹ کیا گیا جس کی تصدیق بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کی مینیجمنٹ کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔دونوں بولر فی الحال تو بالنگ کرواسکتے ہیں تاہم اگردونوں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو انہیں ایک ہفتے کے اندر چنائے میں موجود آئی سی سی کے منظور شدہ سینٹر سے اپنا ٹیسٹ کروانا ہوگا بصورت دیگر دونوں ٹیم اسکواڈ سے باہر ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیشی فاسٹ بولر الامین اور آف اسپنر سوہاگ غازی کا بولنگ ایکشن بھی مشکوک قرار دیا جاچکا ہے۔