لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کی پے درپے شکستوں کے بعد جونیئر اور سینئر سلیکشن کمیٹیز کو تحلیل کرکے نئی کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ،موجودہ چیف سلیکٹر ہارون رشید کو فارغ کردیا جائے گا جبکہ چیف سلیکٹر کیلئے اقبال قاسم مضبوط ترین امیدوار ہیں ،نئی سلیکشن کمیٹی میں باسط علی کو بھی اہم عہدہ دیئے جانے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ایشیا ءکپ میں عبرتناک شکست کے بعد فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کی گئی تھی جس میں مصباح الحق اور یونس خان سمیت 5ممبر شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں سلیکشن کمیٹیز کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ موجودہ سلیکشن کمیٹی میں 90کی دہائی سے پہلے کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑی شامل ہیں جنہیں جدید کرکٹ کے تقاضوں پر عبور حاصل نہیں ہے اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ نئی سینئر اور جونیئر سلیکشن کمیٹیز میں جدید کرکٹ کھیلنے والے نوجوان سلیکٹرز شامل ہونگے اور 90کی دہائی سے پہلے کرکٹ کھیلنے والے سلیکٹر ز کو فارغ کردیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ قومی ٹیم کے موجودہ چیف سلیکٹر ہارون رشید کو فارغ کردیا جائے گا جبکہ چیف سلیکٹر کیلئے اقبال قاسم مضبوط ترین امیدوار ہیں ۔ علاوہ ازیں نئی سلیکشن کمیٹی میں باسط علی کو بھی اہم عہدہ دیے جانے کا امکان ہے۔