کراچی(نیوز ڈیسک) 1999ء میں بھارت میں پاکستان مخالف مہم اور وکٹوں کی کھدائی کے باوجود پاکستانی ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا تھا‘اس بار معاملات زیادہ گھمبیر دکھائی دے رہے ہیں‘پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹور نا منٹ میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی دے کر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ایک قومی روزنامے کی تحقیقات کے مطابق اگر قومی کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کرتی ہے تو اسے آئی سی سی کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کے علاوہ ایک ارب روپے کی خطیر رقم سے بھی محروم ہونا پڑے گا۔پی سی بی کے چیئر مین شہریار خان کہتے ہیں کہ ہم نے قانونی معاملات کو اسٹڈی کر لیا ہے۔ایک ارب روپے کی رقم کا کہنا مشکل ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ہم نے شرکت نہ کرنے کے بعد کے اثرات سے حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔آئی سی سی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کھیلنے والا ملک آئی سی سی سے ٹورنامنٹ کھیلنے کے لئے ایک معاہدہ کرتا ہے‘آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کی آمدنی کے منافع سے پاکستان کو ساڑھے سات ملین ڈالرز ملیں گے جبکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی فیس ڈھائی لاکھ ڈالرز ہے۔