دھرم شالہ/اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان کے مطابلے کے بعد آئی سی سی سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاک بھارت میچ دھرم شالا سے موہالی یا کولکتہ منتقل کرنے کا امکان ہے ۔کرکٹ کی ویب سائٹ (کرک انفو) کے مطابق پاکستان نے آئی سی سی کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ پی سی بی کو دھرم شالا میں میچ کھیلنے پر تحفظات ہیں ٗ پاکستان کی سیکیورٹی ٹیم دھرم شالا میں سیکیورٹی معاملات سے مطمئن نہیں اور پی سی بی چاہتا ہے کہ پاک بھارت میچ دھرم شالہ سے موہالی یا کولکتہ منتقل کردیا جائے۔کرک انفو کے مطابق سیکیورٹی کا جائزہ لینے والی 3 رکنی پاکستانی ٹیم نے اپنی رپورٹ پی سی بی اور وفاقی وزیرداخلہ کو بھجوادی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حکومت کا تین رکنی دفد دھرم شالہ میں سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن نہیں۔ ہماچل پردیش حکومت کی جانب سے ٹیم کو حوصلہ افزا گارنٹی نہیں ملی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا کہ وہ دھرم شالہ میں میچ نہیں کھیلیں گے لہٰذا میچ کو کسی اور وینیو پر شفٹ کردیا جائے ٗ امکان ہے کہ اس میچ کو کولکتہ شفٹ کردیا جائے۔ذرائع کے مطابق ہماچل پردیش انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی وفد کو واضح طور پر کہہ دیا گیا تھا کہ اگر کوئی احتجاج ہوا تو اس کو نہیں روکا جائیگا جس پر پاکستان کو یہ تحفظات ہیں کہ اگر احتجاج نے پرتشدد شکل اختیار کرلی تو پھر کیا ہوگا؟ ساتھ ساتھ انتظامیہ پاکستانی فینزاور میڈیا نمائندوں کی سیکیورٹی پر بھی کوئی یقین دہانی نہ کرسکی تھی اور پاکستان کی جیت کی صورت میں ممکنہ ردعمل کی صورت میں بھی کوئی خاص انتظامات نہیں تھے۔