لاہور(نیوز ڈیسک) برطانوی خاتون نے سابق گورنر پنجاب اور پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری محمد سرور پر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ان کی شوہر کی کروڑوں روپے مالیت کی پراپرٹی ہتھیانے کا الزام عائد کر دیا،خاتون نے چوہدری سرور سے جائیداد واپس لینے کے لئے اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب سے رجوع بھی کر لیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق برطانیہ کی رہائشی خاتون نے اپنے خاوند کی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کروڑوں روپے مالیت کی اراضی ہتھیانے پر اورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب میں درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست کے ساتھ خاتون نے ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کروا کر اوورسیز پاکستانی کمیشن کو بھجوایا دیا ہے۔ درخواست میں غیر ملکی خاتون نے موقف اختیار کیا کہ اس کے شوہر بشیر احمد سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کے دوست تھے۔ ان کے شوہر نے چوہدری سرور اور ان کے بھائیوں سے زمین کی دیکھ بھال کی درخواست کی تھی۔ لیکن چوہدری سرور نے ان کے شوہر کے رشتے داروں اور بھائیوں کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے مالیت کی اراضی پر قبضہ کر لیا ہے۔ اوورسیز پاکستانی کمیشن کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ کیس کی تحقیقات میرٹ پر کر رہے ہیں۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرور نے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات ہورہی ہیں جو بھی فیصلہ آئے گا اس کے بعد میں اپنے ثبوت پیش کروں گا۔