لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے سابق گورنر سلمان تاثیر کے مغوی صاحبزادے شہباز تاثیر کی بحفاظت بازیابی پر ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے یوسف رضا گیلانی کا بیٹا بھی اسی طرح بحفاظت بازیاب ہو جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز تاثیر کی تقریباً پانچ سال بعد بازیابی سے ان کے خاندان کو طویل اذیت سے چھٹکارا ملا ہے ۔ بازیابی کے عمل میں حصہ لینے والے تمام سکیورٹی ادارے اور افراد مبارکباد کے مستحق ہیں جن کے باعث تاثیر خاندان کی طویل اعصاب شکن اذیت ختم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز تاثیر ایک طویل عرصے بعد بازیاب ہوئے ہیں جس کے انکی جسمانی اور ذہنی صحت پر برے اثرات مرتب ہوئے ہوں گے اور انہیں معمول پر آتے ہوئے کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے شہباز تاثیر کے پاکستان میں قیام یا بیرون ملک جانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس کا فیصلہ ان کے خاندان والوں نے کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میری دعا ہے کہ شہباز تاثیر کی طرح یوسف رضا گیلانی کا بیٹا بھی بحفاظت بازیاب ہو جائے ۔