اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے ذریعے ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کی کوششوں کے نہایت مثبت نتائج سامنے آئے ، اپنے دورہ اقتدار میں نیشنل گرڈمیں 10 ہزار میگا واٹ بجلی شامل کرینگے ، توانائی کی کمی پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں تمام گروہوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے جبکہ برطانوی وزیر خارجہ نے مختلف شعبوں میں اصلاحات ، خواتین اور اقلیتوں کے تحفظ کیلئے قانون سازی اور قومی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرف سے پڑوسی ممالک سے روابط کا فروغ درست اقدام ہے وزیراعظم نواز شریف کا امن کا پیغام پوری دنیا تک پہنچ رہا ہے برطانیہ میں موجود 14 لاکھ پاکستانی برطانیہ کی معیشت اور معاشرے کی بہتری کیلئے مثبت انداز میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف سے برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے منگل کو وزیراعظم ہاﺅس میںملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ انکی حکومت نے اقتدارسنبھالا تو اسے دہشتگردی معاشی زبوں حالی اور توانائی کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ۔ ہماری حکومت نے ان تمام مسائل پر کامیابی سے قابو پایا ہم نے قومی ایکشن پلان کے حوالے سے وسیع البنیاد اتفاق رائے پیدا کیا جس کے ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے نہایت مثبت نتائج سامنے آئے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم نے بالعموم اور بہادر مسلح افواج نے بالخصوص دہشتگردی کیخلاف قومی جدوجہد میں بے مثال قربانیاں دی ہیں وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑنا پاکستان کی اخلاقی ذمہ داری ہے اور انکی حکومت ملک اور آئندہ نسلوں کا مستقبل پر امن بنانے کیلئے اس جنگ کی قیادت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں کہیں بھی ہونیوالے دہشتگردی کے اقدامات کی پرزور مذمت کرتے ہیں خواہ یہ انفرادی طور پر کسی گروہ کی طرف سے یا کسی حکومت کی طرف سے کئے گئے ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام دہشتگرد گروہوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کے نام سے فوجی کارروائی کے نتیجہ میں دہشتگردوںکی کمر ٹوٹ چکی ہے نواز شریف نے کہا کہ ہم توانائی کی کمی پر اپنی مدت کے اختتام تک قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں اور اپنے دورہ اقتدار میں تقریباً 10 ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش میں نمایاں کمی لائی گئی ہے اور اس کو مزید کم کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے ایجنڈے کی قیادت کرنے پر وزیراعظم کو سراہا ۔ انہوں نے اصلاحاتی ایجنڈے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات پر پاکستانی حکومت کی تعریف کی اور خواتین اور اقلیتوں کے تحفظ کیلئے قانون سازی اور قومی پالیسیوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنے پڑوسیوں سے روابط بڑھا کر درست اقدام کر رہے ہیں اور آپ کا امن کا پیغام در حقیقت پوری دنیا تک پہنچ رہا ہے ۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ انکے ملک میں موجود تقریباً 14 لاکھ پاکستانی باشندے دونوں ممالک کے درمیان موجود تعلقات کے استحکام کیلئے انسانی پل کا کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں موجود پاکستانی برطانیہ کی معیشت اور معاشرے کی بہتری کیلئے مثبت انداز میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں وزیراعظم نے برطانوی وزیر خارجہ کو بتایا کہ افغانستان میں امن استحکام اور ترقی میں پاکستان کا بھی مفاد ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانوں کی قیادت میں ہونیوالے مفاہمتی عمل کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی محکمہ برائے بین الاقوامی ترقی (ڈی ایف آئی ڈی) کی طرف سے پاکستان کے مختلف شعبوں اور علاقوں میں کئے گئے کام قابل ستائش ہیں ۔ برطانوی وفد میں ہائی کمشنر تھامس ڈریو سمیت دیگر حکام شامل تھے جبکہ وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے ۔