نئی دلی(نیوزڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورہ بھارت،بھارتی میڈیا بڑی خبر لے آیا، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت میں موجود پاکستانی سیکورٹی وفد نے 19 مارچ کو دھرم شالا میں پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میچ کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شرکت کو سیکیورٹی سے مشروط کرتے ہوئے اس کا جائزہ لینے کے لیے دو رکنی وفد بھارت بھیجا تھا۔ وفد میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی چیف افسر کرنل (ر) اعظم خان، ایف ا?ئی اے لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹرعثمان اوربھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کے ایک اعلیٰ عہدیدار بھی شامل تھے، جنہوں نے دھرم شالا پہنچ کر پاکستانی ٹیم کے لیے سازگار اور محفوظ ماحول کا ہرطرح سے جائزہ لیا۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی کا جائزہ لینے والے پاکستانی وفد نے 19 مارچ کو دھرم شالا میں ہونے والے میچ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔بھارتی وزیرِ داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستانی وفد کو یقین دلایا کہ میچ میں نیم فوجی (پیراملٹری) دستے تعینیات کئے جائیں گے جب کہ ضلع کے انسپیکٹر جنرل نے بھی پاکستانی وفد کو ہرممکن سیکیورٹی کا یقین دلایا ہے۔دوسری جانب ورلڈ ٹی 20 کے سربراہ ایم وی شری دھر نے کہا ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ شیڈول کے مطابق 19 مارچ کو ہی کھیلا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کی صورتحال اطمینان بخش ہے اور دونوں ممالک کے عوام کو جس میچ کا انتظار ہے وہ ضرور اپنے وقت پر ہی ہوگا۔واضح رہے کہ ہما چل پردیش کے شہر دھرم شالا میں 19 مارچ کو پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا تاہم ریاستی حکومت نے پاکستانی ٹیم کوسیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ سے میچ کسی اورمقام پر منتقل کرنے کا کہا ہے جب کہ کانگریس اورعام آدمی پارٹی نے بھی پاک بھارت میچ کی مخالفت کرتے ہوئے مظاہروں کا اعلان کررکھا ہے اس کے ساتھ ساتھ ہندو انتہا پسندوں نے دھرم شالا میں میچ ہونے کی صورت میں پچ اکھاڑنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔