اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان کیلئے نامزد برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پاکستان میں میڈیا سے وابستہ خواتین کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک کے سنگین ترین موضوعات پر رپورٹنگ کر رہی ہیں ان میں کچھ خواتین انسانی حقوق کی خلاف ورزی، بدعنوانیوں کے خاتمے کے علاوہ ، ملک کے مختلف شعبوں میں ترقی جیسے موضوعات پر تحقیقاتی رپورٹنگ کر رہی ہیں۔ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ’’ویمن ان دی میڈیا‘‘ کے موضوع پر برطانوی ہائی کمیشن میں ہونے والی اس تقریب میں سفارتی حلقوں، ذرائع ابلاغ کے ملکی وغیر ملکی نمائندوں شعبہ تعلیم اور حکومت سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔تھامس ڈریو نے کہا کہ میرے خیال میں ا?ج کی تقریب صرف میڈیا کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کی تمام خواتین کیلئے بھی دلچسپی کا باعث ہے پاکستان میں اچھے صحافیوں کی ایک نئی نسل تیار ہو رہی ہے جوکہ خواتین پر مشتمل ہے جو جراتمندی کے ساتھ دلیرانہ انداز میں ان ایشوز پر تحقیقاتی رپورٹنگ کر رہی ہیں جوکہ مقامی معاشرے میں ناقابل رسائی سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اینکر پرسن رائے عامہ بناتے ہیں اور ہموار کرتے ہیں ان خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کے حوالے سے رائے عامہ بھی ہموار کرنی چاہئے۔