لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کے باعث دھرم شالا میں کھیلنے سے انکار کر تے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو آگاہ کر دیا ، پی سی بی نے کلکتہ ، موہالی ، چنائی میں کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کر دی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق رواں ماہ 16مارچ سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی میں 19مارچ کو دھرم شالا میں پاکستان اور بھارت کے خلاف میچ شیڈول ہے تاہم میچ سے قبل ہی بھارت میں انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو دھمکیوں کے ساتھ ساتھ میچ نہ کھیلنے کا انتباہ جاری کیا گیاہے ۔ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستانی سکیورٹی ٹیم بھی بھارت میں موجود ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی دھرم شالہ میں کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کھلاڑی دھرم شالا میں کارکردگی نہیں دکھا سکیں گے ۔ اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور کرکٹ بورڈ نے کلکتہ ، موہالی اور چنائی میں کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔