اسلام آباد(نیوز ڈیسک )آئی سی سی کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بھارت میں سیکورٹی کے معاملے پر سخت نوٹس لینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔اگر بھارت نے قومی ٹیم کو فول پروف سیکورٹی فراہم نہ کی تو ٹورنامنٹ کی بھارت سے کسی دوسرے ملک میں منتقلی پر بھی غور کیا جائے گا۔ ایک سینئر صحافی کے مطابق آئی سی سی قوانین کے تحت میزبان ملک تمام ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی دینے کا پابند ہوتا ہے۔ آئی سی سی بھارتی کرکٹ بورڈکو پاکستان ٹیم کی سیکورٹی فول پروف بنانے کے حوالے سے خط لکھے گا۔خط کی کاپی بھارتی وزارت داخلہ و خارجہ کو بھی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خط کا تسلی بخش جواب نہ آنے اور سیکورٹی پر بریفنگ نہ دینے کی صورت میں آئی سی سی انتہائی اقدام اٹھانے کا فیصلہ کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے آئی سی سی کے تحفظات و خدشات دور نہ کئے تو بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے میں پڑ سکتا ہے اور آئی سی سی اہم ٹورنامنٹ کیلئے کسی دوسرے ملک کا انتخاب کرسکتی ہے۔آئی سی سی کے سینئر ذرائع کے حوالے سے سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کرکٹ ٹیموں کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی کیونکہ ٹورنامنٹ کے شیڈول سے قبل میزبان ملک سیکورٹی سمیت تمام انتظامات پر آئی سی سی کو بریفنگ دینے کا پابند ہوتا ہے۔ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے آئی سی سی کو مکمل یقین دہانی نہ کرائی گئی تو بھارت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد خطرے میں پڑ جائے گا۔جبکہ ذرائع کے مطابق ایسی صورتحال میں ٹورنامنٹ بھارت سے منتقل کرنے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔