پیرس(نیوز ڈیسک) فرانسیسی صدر نے سعودی ولی عہد کو ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’’لیجن نیشنل آنر‘‘پیش کردیا جو علاقے اور دنیا بھر میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے شہزادہ محمد بن نائف کی کوششوں کا اعتراف ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانسیسی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف کا دورہ پیرس اختتام پذیر ہو گیا۔ اپنے دورے میں انہوں نے فرانسیسی صدر فرانسو اولاند سے الیزے پیلس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر فرانس اور سعودی عرب کی کابینہ کے متعدد وزراء بھی موجود تھے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے شامی بحران، یمن میں آئینی حکومت کی بحالی اور مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد فرانسیسی صدر نے سعودی ولی عہد کو ملک کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’’لیجن نیشنل آنر‘‘ پیش کیا جو علاقے اور دنیا بھر میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے شہزادہ محمد بن نائف کی کوششوں کا اعتراف تھا۔شہزادہ محمد بن نائف نے فرانسیسی وزیر دفاع جان لی ورجیان سے مذاکرات کئے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ، شام میں عبوری سیز فائر، فوجی مشقوں میں اضافے اور یمن میں عرب اتحادیوں کے آپریشن جیسے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔