انقرہ(نیوزڈیسک ڈیسک) ترکی کے کثیر الاشاعت اخبار زمان ڈیلی کو قومی تحویل میں لینے کے عدالتی احکامات کے بعد پولیس اور صحافیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ اخبار کے حامی اور صحافی تنظیموں کے ارکان سینکڑوں کی تعداد میں اخبار کے دفتر کے سامنے جمع ہیں جنہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔حکومت کا یہ اقدام ترکی کی ایک آئینی عدالت کی جانب سے ملک کے دو صحافیوں کو رہا کرنے کے حکم کے بعد سامنے آیا ہے۔ جن پر ملکی راز افشا کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ زمان اخبار کا تعلق امریکہ میں مقیم اسلامی رہنما فتح اللہ گولن کی حزمت تحریک سے ہے۔ ترک حکام کا کہنا ہے کہ حزمت ایک دہشت گرد تنظیم ہے جو موجودہ صدر طیب اردگان کا تختہ الٹ دینا چاہتی ہے۔