اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سابق عظیم بلے باز ظہیرعباس نے کہا ہے کہ قومی ٹیم ایشیاکپ کی شکست کو بھلا کر تمام تر توجہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ پر مرکوز کرے ٗ کھلاڑیوں کے پاس ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کھویا ہوا اعتماد حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے پاس ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کھویا ہوا اعتماد حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے جس کا انہیں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف شیڈول سیریز میں فائدہ ہو گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹس میں ٹیم کو سینئرز اور جونیئرز کے متوازن کمبی نیشن کی ضرورت ہوتی ہے ٗسینئرز کی ذمہ داری زیادہ ہوتی ہے انہیں چاہیے کہ وہ خود بھی عمدہ پرفارم کریں اور جونیئرز کی بھی رہنمائی کریں۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ قومی ٹیم کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے تاہم وہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے مضبوط ٹیم کے طور پر سامنے آنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر نجم سیٹھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیگ پاکستان کیلئے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اس سے نہ صرف نوجوان بلکہ سینئرز کھلاڑیوں کے تجربے میں بھی اضافہ ہو گا۔