نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارت نے دنیا بھر میں مذہبی آزادی کی صورتحال کا جائزہ لینے والے امریکی کمیشن کو ویزہ دینے سے انکار کر دیا جس پر کمیشن نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔وائس آف امریکا کے مطابق یو ایس کمیشن ان انٹرنیشنل ریلیجس فریڈم کے تین رکنی وفد کو جمعہ سے بھارت کا دورہ شروع کرنا تھا جس میں اسے نئی دہلی اور ممبئی میں حکام، مذہبی رہنماؤں اور سماجی کارکنوں سے ملاقاتیں کرنا تھیں۔کمیشن کے چیئرمین رابرٹ جارج نے ایک بیان میں کہا کہ “ہمیں بھارتی حکومت کے اقدام سے شدید مایوسی ہوئی۔ ایک تکثیری اور جمہوری ریاست ہونے کے ناطے بھارت کو ہمیں دورے کی اجازت دینے پر اعتماد ہونا چاہیے تھا۔ یہ کمیشن بہت سے ممالک بشمول پاکستان، سعودی عرب، ویتنام، چین اور میانمار کا دورہ کر چکا ہے۔ان میں وہ ملک جن پر مذہبی آزادی کی بدترین پامالی کا الزام عائد کیا جاتا ہے، بھی شامل ہیں۔یہ کمیشن دنیا بھر میں مذہبی آزادی سے متعلق سفارشات امریکی انتظامیہ اور کانگریس کو پیش کرتا ہے۔ اس سے قبل بھی دو بار اس کے ارکان کو بھارتی ویزہ جاری کرنے سے انکار کیا جا چکا ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں