لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے لیکن سکیورٹی کی تمام تر ذمہ داری بھارت کی ہے ، بنگلادیشی ٹیم پاکستان آنے کو تیار ہے جسے فول پروف سکیورٹی مہیا کریں گے،شاید آفریدی نے مزید کرکٹ کھیلنی ہے تو میڈیا پر آنے کی بجائے مجھ سے بات کریں،آفریدی کو ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کی شرط پر کپتان بنایا تاہم اب ہم فیصلہ کریں گے کہ ورلڈ کپ کے بعد وہ کس حیثیت میں کھیلیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ایشیاءکپ میں بھارت کے خلاف قومی ٹیم کی کارکردگی سے کوئی بھی خوش نہیں ۔ خدا کرے ہمارے بلے بازوں نے بھارتی کھلاڑیوں سے کچھ سیکھا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف محمد عامر کی بالنگ لا جواب تھی ۔ شائقین کو بہت دیر کے بعد ایسا کھیل دیکھنے کو ملا ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے متعلق آئی سی سی کوسکیورٹی خدشات سے آگاہ کر دیا ہے ۔بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرینگے لیکن سکیورٹی کی تمام تر ذمہ داری بھارت کی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلادیشی ٹیم پاکستان آنے کو تیار ہے ۔بنگلادیشی ٹیم کے دوررہ پاکستان کے دوران تمام میچز کراچی اور لاہور میں کرائے جائیں گے جبکہ بنگلادیشی ٹیم کوبھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے شاہد آفریدی کے مزید کرکٹ کھیلنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ آفریدی کے مزید کھیلنے کی بات سنی ہے اس حوالے سے ان سے بات کروں گا تاہم اگر انہیں مزید کرکٹ کھیلنا ہے تو وہ میڈیا پرآنے کے بجائے مجھ سے بات کریں، شاہد آفریدی کو ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کی شرط پر کپتان بنایا تاہم اب ہم فیصلہ کریں گے کہ ورلڈ کپ کے بعد وہ بطورکپتان کھیلیں گے یا کھلاڑی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن میں مداخلت نہیں کرتا اور کسی کھلاڑی پردبا ﺅنہیں ڈالتے کہ وہ ریٹائرہوجائے تاہم کھیل اورسیاست کو الگ ہونا چاہیے۔