اسلام آباد (نیوزڈیسک) پی اے ایف بیس مصحف میں پاک فضائیہ کے پہلے (Air Power Centres of Excellence)کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ پرنسپل سٹاف افسران کے علاوہ پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔پاک فضائیہ کا (Air Power Centres of Excellence)دنیا کے چند اور اس خطے کا پہلا اس طرح کا ادارہ ہوگا ۔ اس ادارے کا مقصد پاک فضائیہ کے آپریشنز کو جنگی فضائی حکمت عملی سے منسلک کرنا ہے۔ یہ ادارہ پاک فضائیہ کو اپنی فضائی جنگی حکمت عملی کو مستقبل کی جنگوں اور انسدادِ دہشت گردی کے پیچیدہ اور حساس چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس موقع پر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ اس ادارے کی تکمیل پاک فضائیہ کے تربیتی عہد میں ایک اہم سنگِ میل اور پاک فضائیہ کے افراد کو بہترین تربیت دینے میں اعلٰی کردار ادا کرے گا۔۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اس ادارے کی تکمیل سے پاک فضا ئیہ کو دنےا کے دوسری فضائی افواج کے ساتھ تعلقات کو فروغ دےنے میں مددگار ثابت ہوگا۔